اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ آج 15 جنوری کو ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر فعال رہیں گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروسز کے متاثر ہونے سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے سپیکٹرم نیلامی کا انفارمیشن میمورنڈم جاری کر دیا
پی ٹی اے نے اعلامیے میں کہا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق فعال رہیں گی، روٹین سب میرین کیبل کی مرمت کا عمل جاری ہے۔
اتھارٹی کے مطابق سب میرین کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروسز متاثر نہیں ہوں گی۔ پی ٹی اے نے کہا کہ انٹرنیٹ سروسز کے تسلسل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے نیٹ ورکس کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انٹرنیٹ بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں۔
قبل ازیں خبر آئی تھی کہ مرمتی کارروائی کے دوران دن کے اوقات میں انٹرنیٹ سروسزمتاثر ہوسکتی ہیں۔
نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا تھا کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں شفافیت:الیکشن کمیشن نےدفاترمیں انٹرنیٹ کیلئے ایس سی او سے رابطہ کرلیا
اگرچہ کمپنی نے کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، صارفین کو ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی براؤزنگ، اسٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو متاثر کر سکتی ہے۔




