سردیوں میں ’گرم انڈے‘ کا تصور ٹھٹھرتے جسم میں تازگی بھر دیتا ہے۔ اسی طرح سردیوں میں سوشل میڈیا پر بھی انڈوں کی تصاویر کے ساتھ یہ سوال اکثر پوچھا جاتا ہے کہ آج کل انڈوں کی قیمت کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انڈوں کی اہمیت زیادہ تر سردیوں میں یا ڈائٹ کے دوران محسوس کی جاتی ہے۔
انڈے ہماری روزمرہ کی خوراک کا ایک اہم جز ہیں۔ جب سے لوگ مرغی گھروں میں مرغیاں پالنا شروع ہوئے ہیں، وہ انڈوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی غذائیت پوری کر رہے ہیں۔ انڈے کی سفیدی اور زردی دونوں غذائی اجزاء سے بھرپور ہیں۔ زردی میں چربی میں گھلنے والے وٹامنز پائے جاتے ہیں، جن میں وٹامن اے، ڈی، ای اور ضروری اومیگا تھری فیٹی ایسڈز شامل ہیں۔ ان کے علاوہ زردی میں صحت مند چربی بھی ہوتی ہے جبکہ زیادہ تر پروٹین انڈے کی سفیدی میں پایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طبی ماہرین نے زیادہ بیٹھنا دل کے لیے خاموش خطرہ قرار دے دیا
انڈے مختلف پرندوں سے حاصل کیے جاتے ہیں، جن میں سب سے عام مرغی کے انڈے ہیں، اس کے علاوہ بطخ، ہنس اور کوئل کے انڈے بھی کھائے جاتے ہیں۔ انڈوں میں پروٹین کی مقدار بھی قابل ذکر ہے۔ ایک درمیانے سائز کے انڈے (تقریباً 53 گرام) میں سات گرام مکمل پروٹین ہوتا ہے۔ ’مکمل پروٹین‘ کا مطلب یہ ہے کہ ایک انڈے میں وہ تمام نو اہم امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو انسانی جسم کی نشوونما اور مرمت کے لیے ضروری ہیں۔
انڈے کا روزانہ کھانا صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔ یہ جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں، مدافعتی نظام مضبوط بناتے ہیں، دماغ کی فعالیت بہتر کرتے ہیں اور بالوں و جلد کی صحت کے لیے بھی اہم ہیں۔ انڈے دل کی صحت، آنکھوں کی حفاظت اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بھی مفید ہیں۔ سردیوں میں انڈے خاص طور پر توانائی بڑھانے اور جسم کو گرم رکھنے کے لیے بہترین غذا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزن کم کرنے والے ٹیکے چھوڑنے کے بعد وزن چار گنا تیزی سے بڑھتا ہے
ماہرین کے مطابق ایک دن میں ایک سے دو انڈے کھانا زیادہ تر افراد کے لیے محفوظ اور مفید ہے۔ ضرورت سے زیادہ انڈے کھانے سے کچھ افراد میں کولیسٹرول کی سطح بڑھ سکتی ہے، اس لیے مناسب مقدار میں انڈوں کا استعمال زیادہ بہتر ہے۔




