واٹس ایپ اکاؤنٹس ہائی جیکنگ: مہم صارفین احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

واٹس ایپ صارفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے کیونکہ اکاؤنٹس ہائی جیک کرنے کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کے تحت قائم نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے اس حوالے سے ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ’واٹس ایپ ہائی جیک مہم 2026‘ سے خبردار کرتے ہوئے صارفین کو سائبر خطرات کے خلاف انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ ہیکرز واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس تک غیرمجاز رسائی حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر کیسز ’او ٹی پی‘ فراڈ اسکیمنگ سے متعلق ہیں، جس میں ہیکرز جعلی پیغامات، کالز یا ایس ایم ایس کے ذریعے صارفین سے 6 ہندسوں پر مشتمل ویری فکیشن کوڈ حاصل کر لیتے ہیں۔ اس کے بعد ہیکر اکاؤنٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں، جس سے صارف کی ذاتی معلومات اور رابطوں کی فہرست خطرے میں آ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹا نے واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک نیا اور دلکش فیچر متعارف کرا دیا

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ غیرمجاز رسائی کی صورت میں صارفین کا ذاتی ڈیٹا چرایا جا سکتا ہے۔ ہیکرز متاثرہ صارف کی کنٹیکٹ لسٹ تک رسائی حاصل کر کے ان سے پیغامات کے ذریعے پیسے منگوانے جیسے فراڈ میں استعمال کر سکتے ہیں۔ ایڈوائزری میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہیکرز میڈیا فائلز، چیٹ ہسٹری اور ذاتی کمیونیکیشن تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے صارفین کی پرائیویسی شدید خطرات سے دوچار ہو جاتی ہے۔

حکام نے واٹس ایپ صارفین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ 6 ہندسوں کا ایس ایم ایس ویری فکیشن کوڈ کسی کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں، ٹو اسٹیپ ویری فکیشن پن کسی کو نہ بتائیں، اور وائس کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والے کسی بھی کوڈ کو کسی کے ساتھ شئیر نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’ ہیلو یہ تصویر آپ کی ہے‘‘واٹس ایپ پر آنیوالا پراسرار میسج اکائونٹ ہیک ہونے کا سبب بن سکتا ہے، ماہرین کا انتباہ

سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ایسے فراڈ سے بچا جا سکتا ہے۔ کسی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں اور واٹس ایپ سپورٹ کو اطلاع دینا نہایت ضروری ہے تاکہ صارفین کے اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top