نکسن آٹو کا جائیکو جے5 کی قیمتوں اور مکمل خصوصیات کا اعلان

نشاط گروپ کی ذیلی کمپنی نکسن آٹو نے اپنی نئی سب کمپیکٹ ہائبرڈ ایس یو وی جائیکو جے5 ایس ایچ ایس ایچ ای وی کی ابتدائی قیمتوں اور مکمل تکنیکی خصوصیات باضابطہ طور پر جاری کر دی ہیں۔

نکسن آٹو کی یہ گاڑی کمپنی کے کامیاب ماڈل جائیکو جے7 کے بعد متعارف کروائی جا رہی ہے اور مقامی طور پر اسمبل شدہ یونٹ کے ذریعے صارفین کو نسبتاً مناسب قیمت میں جدید اور پرمیئم ہائبرڈ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

جائیکو جے5 کو سب کمپیکٹ ہائبرڈ ایس یو وی کیٹیگری میں پیش کیا جا رہا ہے، جہاں اس کا مقصد روایتی سیڈان گاڑیوں کے مقابلے میں ایک مضبوط اور جدید متبادل فراہم کرنا ہے۔ شعبے کے تجزیہ کاروں کے مطابق، اس گاڑی کی قیمتیں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہیں، کیونکہ نکسن آٹو نے جائیکو جے5 کی قیمتیں خاصی پرکشش سطح پر رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا موٹر سائیکل پر بغیر سود آسان اقساط کی اسکیم متعارف

کمپنی کے اعلان کے مطابق، جائیکو جے5 کمفرٹ ویرینٹ کی قیمت 66 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ پریمیئم ویرینٹ کی قیمت 76 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ ابتدائی قیمتیں 10 مارچ 2026 تک برقرار رہیں گی۔ بیس ویرینٹ کی قیمت کو خاص طور پر ٹویوٹا کرولا آلٹس سی وی ٹی 1.6 کے برابر رکھا گیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کمپنی اپنے ہائبرڈ ایس یو وی ماڈل کو سیڈان لیول کی قیمت پر متعارف کر کے صارفین کو متوجہ کرنا چاہتی ہے۔

تکنیکی خصوصیات کے لحاظ سے، دونوں ویرینٹس میں 1.5 لیٹر ٹربوچارجڈ ہائبرڈ پاور ٹرین دی گئی ہے، جو 221 ہارس پاور اور 295 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق، یہ پاور ٹرین گاڑی کو 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 7.9 سیکنڈز میں حاصل کرنے کی صلاحیت دیتی ہے۔ اس کے ساتھ 1.83 کلو واٹ فی گھنٹہ ہائبرڈ بیٹری شامل ہے، جس کے باعث جائیکو جے5 کا دعویٰ شدہ فیول ایوریج 18.8 کلومیٹر فی لیٹر ہے، جو شہری استعمال اور طویل سفر دونوں کے لیے موزوں بتایا جا رہا ہے۔

ڈیزائن اور جہتوں کے حوالے سے بھی جائیکو جے5 کو نمایاں قرار دیا جا رہا ہے۔ گاڑی کی لمبائی 4,380 ملی میٹر، چوڑائی 1,860 ملی میٹر اور اونچائی 1,650 ملی میٹر ہے، جبکہ اس کا وہیل بیس 2,620 ملی میٹر رکھا گیا ہے۔ یہ سائز اسے ہونڈا اور ٹویوٹا کرولا کراس جیسے ماڈلز کے براہِ راست مقابلے میں لے آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی ڈی70 موٹرسائیکل کا جدید ماڈل متعارف، قیمت سامنے آگئی

بیرونی ڈیزائن میں ‘واٹر فال’ فرنٹ گرل اور 18 انچ کے الائے وہیلز شامل ہیں، جبکہ اندرونی حصے میں مینیمالسٹ اور “نیچر-انسپائرڈ” ڈیزائن اپنایا گیا ہے۔ کیبن میں 13.2 انچ ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم، 8 انچ ڈیجیٹل انسٹرومنٹ کلسٹر اور آٹھ اسپیکر پر مشتمل پرمیئم آڈیو سسٹم فراہم کیا گیا ہے، جو مجموعی طور پر ایک جدید اور آرام دہ ڈرائیونگ تجربے کی جھلک پیش کرتا ہے۔

Scroll to Top