کبھی جاسوس کبوتر، کبھی جاسوس ڈرون… بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر پاکستان سے مبینہ ڈرون دراندازی کے دعوے شروع کر دیے ہیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق اتوار کی شام جموں و کشمیر کے مختلف سیکٹرز میں ڈرونز کی سرگرمیاں دیکھی گئیں اور انڈین فوج نے نوشہرہ سیکٹر میں ایک پاکستانی ڈرون پر فائرنگ کی۔
این ڈی ٹی وی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ لائن آف کنٹرول پر اس واقعے کے علاوہ مزید کئی ڈرون بھی دیکھے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رات کے وقت آسمان کو روشن کرتے ہوئے ٹریسر گولیوں کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں گولیوں کی بوچھاڑ دکھائی دیتی ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ مناظر گزشتہ سال کے آپریشن سندور کے دوران دیکھے گئے مناظر سے مشابہ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ انڈین فوج علاقے میں تلاشی لے رہی ہے تاکہ یہ جانچ کی جا سکے کہ آیا ان ڈرونز کے ذریعے اسلحہ یا منشیات گرائی گئی ہیں یا نہیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق ایک ڈرون، جو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی جانب سے آیا تھا، سانبہ سیکٹر میں اسلحے کی ایک کھیپ گرائی، جبکہ بھارتی فوج کے مطابق مشین گنز کے ذریعے ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: غلطی سے کنٹرول لائن کراس کرنیوالی خاتون واپس حوالے، بھارتی میڈیا کا زہریلا پروپیگنڈا بے نقاب
این ڈی ٹی وی نے بھارتی فلمی منظر کھینچتے ہوئے کہا کہ ایک اور ڈرون راجوری ضلع میں شام 6 بج کر 35 منٹ پر دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق ٹمٹماتی روشنی والا یہ فضائی شے کالاکوٹ کے دھرمسال گاؤں کی جانب سے آیا اور بھرک کی سمت بڑھ گیا۔ اسی طرح سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں چک ببرال گاؤں کے اوپر شام تقریباً 7 بج کر 15 منٹ پر ایک ڈرون نما شے چند منٹ تک منڈلاتی دیکھی گئی، جس پر ٹمٹماتی روشنی موجود تھی۔
اسی طرح ایک اور ڈرون نما شے پونچھ ضلع کے مانکوٹ سیکٹر میں، جو لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع ہے، شام 6 بج کر 25 منٹ پر تین سے ٹوپا کی جانب جاتے ہوئے دیکھی گئی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اتوار کے روز ایک ہی دن میں کم از کم پانچ پاکستانی ڈرون دراندازی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا نے ترکیہ کیخلاف زہراگلنا شروع کردیا، ترک سفارتخانے کا سخت ردعمل
تاہم، پاکستانی فوج یا دفتر خارجہ کی جانب سے انڈین میڈیا کے دعوے کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔




