شدید سردی

16 جنوری تک شدید سردی پڑنے کا امکان ہے ،پی ڈی ایم اے، نیا الرٹ جاری

لاہور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے 16 جنوری تک شدید سردی کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات موجود ہیں ۔ اس سلسلے میں ٹورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ بھیجا گیا ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 16 جنوری تک دھند اور سموگ کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب لباس پہننے کی ہدایت دی اور کلاس رومز میں سردی سے تحفظ کے اقدامات کرنے پر زور دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچےگر گیا

عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ تمام ہسپتال، خاص طور پر بیسک ہیلتھ یونٹس، ادویات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ عوام سے گزارش ہے کہ شدید سردی میں خود کو محفوظ رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر نہ کریں، اور سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر فسیلی ٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور، فوجی کارروائی بھی شامل: صدر ٹرمپ

انہوں نے ڈرائیوروں کو بھی ہدایت دی کہ دوران سفر تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں ۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

Scroll to Top