پی آئی اے

پی آئی اے سے ایک سال تک کسی بھی ملازم کو نہیں نکالا جائیگا، عارف حبیب

کراچی : حال ہی میں قومی ایئر لائن خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے سے کم ازکم ایک سال تک کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا ۔

شہر قائد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کے بیشتر اثاثے ہولڈنگ کمپنی میں منتقل ہو چکے ہیں جبکہ ادارے کے بزنس پلان میں کارگو سسٹم کی بہتری کیلئے خصوصی حکمت عملی شامل کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے میں شیئر ہولڈنگ کے مطابق فوجی فرٹیلائزر کے 25 فیصد شیئرز ہیں جبکہ عارف حبیب گروپ اور فاطمہ فرٹیلائزر کے مشترکہ طور پر 25 فیصد شیئرز ہیں، اس کے علاوہ کنسورشیم میں شامل دیگر ارکان کے پاس بھی 25 فیصد شیئرز موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں مزید ایک اور پارٹنر کو شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

عارف حبیب نے واضح کیا کہ پی آئی اے میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع دئیے جائیں گے اور ایک سال تک کسی کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسپیئرپارٹس کی عدم فروخت: پی آئی اے کو آٹھ ارب 56 کروڑ روپے نقصان کا سامنا

انہوں نے کہاکہ وہ 2016 میں پی آئی اے کے بورڈ کے رکن منتخب ہوئے تھے اور اس دوران قومی ایئرلائن کی بہتری کیلئے حکومت کو متعدد تجاویز پیش کیں ۔ ان کے مطابق پی آئی اے کے بڑے مالی خسارے کی بنیادی وجہ قرضوں پر قرضے اور ان پر بھاری سود کی ادائیگیاں تھیں، جس کے باعث ادارے پر تقریباً 800 ارب روپے کا  قرض چڑھ چکا تھا۔

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی پی آئی اے کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی پہلی بولی مینجمنٹ سسٹم کی کمزوریوں کے باعث ناکام ہوئی تھی تاہم مینجمنٹ اسٹرکچر اور معاشی حالات میں بہتری کے بعد اس بار بولی کامیاب رہی ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کے پاس 34 طیارے ہیں جن میں سے صرف 17 طیارے آپریشنل ہیں جبکہ ادارے کے بیڑے کو مرحلہ وار بڑھا کر 38 طیاروں تک لے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستانی ہوگا، تاہم مختلف شعبہ جات کو آؤٹ سورس کرنے کے حوالے سے فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز حالات کو دیکھتے ہوئے کرے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جب خبر دی جاتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہی ہونے جارہا ہے، سہیل وڑائچ

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ادارے میں مزید طیارے شامل کرنے کی گنجائش موجود ہے اور فلیٹ میں اضافے کا منصوبہ بزنس پلان کا حصہ ہے ۔ بہتر پلاننگ کے ذریعے حج، عمرہ اور برطانیہ کے فلائٹ آپریشنز سے پی آئی اے کی آمدن میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا ۔

Scroll to Top