کراچی: آزاد کشمیر کے کرکٹ شائقین کیلئے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے ۔ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کا جوش ، جذبہ اور کرکٹ ٹیلنٹ ایک بار پھر کراچی کے میدانوں میں گونجنے والا ہے، جہاں نیلم سپر لیگ کا انعقاد 3، 4 اور 5 فروری 2026کو کیا جا ئے گا ۔
نیلم سپر لیگ میں آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ نوجوان کھلاڑی اپنی بھرپور صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نہ صرف صحت مند کھیل کو فروغ دینا ہے بلکہ باصلاحیت نوجوانوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں قومی سطح پر منوا سکیں ۔
اس شاندار ایونٹ کے روحِ رواں اور آرگنائزر اعجاز مغل ہیں، جن کی مسلسل محنت اور کاوشوں کے باعث نیلم سپر لیگ ایک منظم اور کامیاب ٹورنامنٹ کے طور پر پہچانی جا رہی ہے ۔ اعجاز مغل کا کہنا ہے کہ نیلم سپر لیگ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی ایک کوشش ہے ، اور مستقبل میں اس ایونٹ کو مزید وسعت دی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت پاکستان کیوں نہیں آتا؟ سعید اجمل نے آئی سی سی کو کھلا پیغام دے دیا
ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے ، سنسنی خیز میچز اور کرکٹ کا اعلیٰ معیار دیکھنے کو ملے گا، جس کے لیے شائقین میں خاصا جوش پایا جا رہا ہے ۔ کراچی کے میدان بیٹ اور بال کی گونج، شائقین کے نعروں اور کرکٹ کے جنون سے بھرے نظر آئیں گے ۔
نیلم سپر لیگ کی ایک اور بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اس کا لائیو فائنل دومیل ڈیجیٹل نیوز کے ذریعے براہِ راست نشر کیا جائے گا، تاکہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین اس ایونٹ کے یادگار لمحات سے لطف اندوز ہو سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا اور ٹک ٹاک کا تاریخی معاہدہ، ورلڈ کپ 2026 کی ڈیجیٹل دنیا بدل گئی
نیلم سپر لیگ محض ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے اُمید، مواقع اور روشن مستقبل کی علامت بنتی جا رہی ہے ۔




