راولپنڈی: (آئی ایس پی آر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عراق کے سرکاری دورے کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ موہناد غالب محمد رادی الاسدی سے ملاقات کی۔
ائیر چیف کو عراقی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر دیا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگرامز اور صلاحیت کی تعمیر پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور عراق کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ عراقی فضائیہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی اقدامات کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پی اے ایف کی عالمی معیار کی تربیت سے مستفید ہونے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلہ دیش کے ایئر چیفس کی ملاقات، دفاعی تعاون پر اتفاق
یہ دورہ دونوں فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعلقات اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔




