اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 40.18 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.58 ارب ڈالر وطن بھیجے، جن میں سب سے زیادہ سعودی عرب سے 81 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ اسی دوران متحدہ عرب امارات سے 72 کروڑ، برطانیہ سے 56 کروڑ اور یورپی ممالک سے 49 کروڑ ڈالر پاکستان آئے۔
مرکزی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کی سب سے کم ترسیلات جنوری میں ریکارڈ کی گئیں جو 3 ارب ڈالر رہیں، جبکہ مارچ 2025 میں سال کی سب سے زیادہ ترسیلات 4.05 ارب ڈالر رہی۔ سال 2025 میں ماہانہ ورکرز کی اوسط ترسیلات 3.34 ارب ڈالر رہی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا بیرون ملک نوکری کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے مالی تعاون کا اعلان
ماہرین کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملکی معیشت کے لیے اہم ستون ہیں اور یہ نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مددگار ہیں بلکہ ملکی ترقی اور استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی سب سے زیادہ مالی تعاون فراہم کرنے والے ہیں، جو پاکستانی معیشت کے لیے بڑی سرمایہ کاری ثابت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کیلئے چین میں اعلیٰ تعلیم کے سنہری مواقع، مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان
بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر نہ صرف ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانے میں مددگار ہیں بلکہ خاندانوں کی مالی ضرورتوں کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔




