محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر بدستور جاری رہنے کا امکان ہے ۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے ۔
اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں دن کے وقت موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم رات اور علی الصبح دھند چھا سکتی ہے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق درجۂ حرارت معمول سے کم رہنے کی وجہ سے سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی ۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں سردی شدید لہر، بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
صوبے کے میدانی علاقوں میں سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام اور موہنجوداڑو سمیت مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات کے دوران دھند کے باعث حدِ نگاہ کم رہنے کی توقع ہے ۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے وقت چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے ۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے، خصوصاً موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں شدید سردی برقرار، محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی
سرد علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو گرم لباس استعمال کرنے اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔




