برطانوی ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیوں پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد امیگریشن قوانین کو باضابطہ طور پر اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق امیگریشن رولز میں کی گئی یہ ترامیم سرکاری ویب سائٹ پر شامل کر دی گئی ہیں اور یہ نئے قواعد 8 جنوری سے نافذ العمل ہوں گے۔
برطانوی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ان تبدیلیوں کے نتیجے میں مختلف ویزا کیٹیگریز متاثر ہوں گی۔ ان ترامیم کا اطلاق متعدد ورک اور اسکل بیسڈ ویزا پروگرامز پر کیا گیا ہے، جن کے تحت درخواست گزاروں کے لیے نئے ضوابط متعارف کروائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسکیلڈ ورکر ویزا کے قواعد میں نمایاں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہائی پوٹینشل انڈویجول ویزا کے ضوابط میں بھی نئی ترامیم نافذ کر دی گئی ہیں۔ ان تبدیلیوں کے باعث ان ویزا کیٹیگریز کے تحت درخواست دینے والے افراد کو نئے قواعد کے مطابق درخواستیں جمع کروانا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی ویزا فیس رعایتی پالیسی میں 31دسمبر2026 تک توسیع
اسی طرح اسکیل اپ ویزا قوانین میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے اور نئی شرائط کے تحت درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ان ترامیم کا اطلاق ورک ویزا درخواست گزاروں پر بھی ہوگا، جہاں انگریزی زبان کی شرط کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
اعلان کے مطابق 8 جنوری سے نئے درخواست گزاروں کے لیے انگریزی زبان کا معیار بی ٹو لیول قرار دیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ بی ٹو انگریزی زبان کی یہ شرط صرف نئی درخواستوں پر لاگو ہو گی، جبکہ موجودہ ویزا ہولڈرز کو اس شرط سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کا 13 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان، بڑی سہولت متعارف
ہوم آفس کا کہنا ہے کہ امیگریشن قوانین میں کی گئی ان تبدیلیوں کا بنیادی مقصد ورک فورس کے معیار کو بہتر بنانا ہے، تاکہ برطانیہ میں آنے والے ورک ویزا ہولڈرز کی مہارت اور اہلیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔




