سردیوں میں ٹھنڈی اور خشک ہوا ہونٹوں کی قدرتی نمی چھین لیتی ہے، جس کے باعث ہونٹ پھٹنے، کھنچاؤ اور جلن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ مسئلہ خاص طور پر ان افراد میں زیادہ دیکھا جاتا ہے جو زیادہ دیر سرد موسم میں رہتے ہیں یا پانی کا استعمال کم کرتے ہیں۔
اکثر لوگ اس مسئلے سے نجات کے لیے لپ بام یا پیٹرولیم جیلی استعمال کرتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق کیمیکل پر مبنی مصنوعات بعض اوقات ہونٹوں کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہیں اور ان کی قدرتی رنگت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسے میں قدرتی اور گھریلو نسخے ایک محفوظ اور مؤثر متبادل ثابت ہوتے ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہونٹ قدرتی طور پر نرم، گلابی اور صحت مند رہیں تو چند سادہ گھریلو ٹوٹکے نہایت مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں، جو آسانی سے گھر پر دستیاب اجزا سے تیار کیے جا سکتے ہیں۔
گلاب اور دودھ کا نسخہ:
گلاب کی چند پنکھڑیوں کو کچے دودھ میں چند گھنٹوں کے لیے بھگو دیں۔ بعد میں انہیں پیس کر ہلکا سا پیسٹ بنا لیں اور لپ بام کی طرح ہونٹوں پر لگائیں۔ دن میں تین سے چار بار استعمال سے ہونٹ نرم اور ملائم ہو جاتے ہیں۔
لیموں اور شہد کا امتزاج:
اگر ہونٹوں کی رنگت ماند پڑ گئی ہو تو ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس اور شہد ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔ چند منٹ بعد نم کپڑے سے صاف کریں اور فوراً لپ بام لگا لیں۔ اس نسخے سے نہ صرف خشکی کم ہوتی ہے بلکہ ہونٹوں کی رنگت بھی نکھر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پولن الرجی کے خاتمے کے لیے حکومت کی حکمت عملی سامنے آ گئی
انار کا رس اور شہد:
آدھا چائے کا چمچ انار کا رس اور ایک چائے کا چمچ شہد مکس کریں۔ اسے ہونٹوں پر لگاکر 15 سے 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر پانی سے دھولیں اور لپ بام لگائیں۔ شہد ہونٹوں کو نمی فراہم کرتا ہے جبکہ انار کا رس قدرتی گلابی چمک لاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہد میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی ہوتی ہیں جو پھٹے ہونٹوں کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
شوگر اسکرب سے مردہ جلد صاف کریں:
خشک ہونٹوں پر اکثر مردہ جلد جم جاتی ہے، جسے صاف کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ایک چائے کا چمچ چینی، شہد، زیتون کا تیل اور تھوڑی سی پیٹرولیم جیلی ملا لیں۔ اس مکسچر سے ہونٹوں پر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں اور فوراً لپ بام لگائیں۔ ہفتے میں دو بار یہ عمل ہونٹوں کو نمایاں طور پر نرم بنا دیتا ہے۔
چند اور آزمودہ گھریلو طریقے:
کھیرے کا گودا ہونٹوں پر لگائیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں، یہ قدرتی ٹھنڈک اور نمی دیتا ہے۔ناریل کا تیل خشک اور پھٹے ہونٹوں کو نرم و ملائم بنانے میں مددگار ہے۔گلیسرین اور عرقِ گلاب برابر مقدار میں ملا کر سونے سے پہلے لگائیں۔ وٹامن ای کے تیل سے ہونٹوں کی ہلکی مالش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی انکار کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کامشترکہ ویکسین منصوبے پر غور
قدرتی لپ ماسک اور ہربل لپ بام بھی ہونٹوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان آسان تدابیر کو معمول کا حصہ بنا لیا جائے تو سردیوں میں بھی ہونٹ نرم، صحت مند اور خوبصورت رہ سکتے ہیں۔




