(کشمیر ڈیجیٹل) فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج پاکستان ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پوری طرح ثابت قدم ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی مجموعی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریفنگ میں فارمیشن کی جنگی تیاری، تربیتی معیار اور جنگی مہارت و استعداد کار میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ بھی کیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیلڈ ٹریننگ مشق کے دوران جدید ترین جنگی ٹیکنالوجیز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس مشق کے ذریعے مستقبل کے متحرک جنگی ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پاک فوج میں جاری جدت طرازی کو اجاگر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ذاتی اور مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیرہوچکا،سی ڈی ایف و فیلڈ مارشل عاصم منیر
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے لیے فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ ان سہولیات کا مقصد جوانوں کو جسمانی طور پر فٹ، ذہنی طور پر مضبوط اور مجموعی صحت کے اعتبار سے بہتر رکھنا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو فارمیشن کے تربیتی معیار اور جنگی مہارت میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا دورہ کیا۔
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے جدید اور اعلیٰ معیار کی طبی سہولت کے قیام پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
افسروں سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے چیلنجز کا سامنا پیشہ ورانہ مہارت، مکمل توجہ اور پختہ عزم کے ساتھ کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرسمس تقریبات میں شرکت، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریئے کی بنیاد ،فیلڈ مارشل عاصم منیر
اپنے بیان میں فیلڈ مارشل نے ایک بار پھر کہا کہ مسلح افواج پاکستان ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ لاہور گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔




