اسلام آباد: ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ کھاوڑہ سے مسلم لیگ(ن) کے سابق ضلعی صدر راجہ شوکت اقبال بھی ٹکٹ کے حصول کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں۔
مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد حلقے کاسیاسی ماحول کافی گرم ہے اور مسلم لیگ(ن) کے سابق ضلعی صدر راجہ شوکت اقبال بھی آج جمعرات کون لیگ کے ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حلقہ کھاوڑہ، بزرگ سیاستدان کی انٹری، راجہ ثاقب مجید کیلئے ٹکٹ کاحصول مشکل ہوگیا!
راجہ شوکت اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ ان شاء اللہ اس بار حلقہ کھاوڑہ کی نشست جیت کر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو تحفے میں دیں گے۔
ان کا کہنا ہے ہم وہ کارکن ہیں جنہوں نے کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بنیاد رکھی، ہر مشکل گھڑی میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے اور آئندہ بھی جماعت کے نظرئیے اور قائد میاں محمد نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
شوکت اقبال کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے حلقے کی عوام کے لیے عملی اقدامات کریں۔میں پختہ یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ ان شاء اللہ یہ نشست جیت کر اپنے قائد کو تحفہ پیش کروں گا اور حلقے کے غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ کھاوڑہ آج تک بنیادی سہولیات سے محروم چلا آ رہا ہے۔صحت کی مناسب سہولیات موجود ہیںنہ معیاری سکول اور کالج جہاں ہمارے بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ثاقب مجید کی ن لیگ میں انٹری ، کھاوڑہ کی سیاست دلچسپ مرحلہ میں داخل،سابق امیدواروں کا مستقبل کیا ہوگا؟
حلقہ کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے، عوام نے موقع دیا تو میری اولین ترجیح کھاوڑہ کی محرومیوں کا ازالہ، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حلقے کی مجموعی ترقی ہو گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل راجہ ثاقب مجید، راجہ عبدالقیوم خان ،راجہ ابرار ایڈووکیٹ بھی ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کراچکے ہیں جبکہ چوہدری شفقت نے بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔




