میرپور (آصف اقبال )منیجنگ ڈائریکٹر آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن ذیشان عارف نے بینک آف آزاد کشمیر کے ریجنل آفس میرپور ڈویژن کا اہم دورہ کیا۔
دورے کا مقصد آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور بینک آف اے جے کے کے مشترکہ تعاون سے جاری “پرائم منسٹر یوتھ لون پروگرام” کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور اسے مزید فعال بنانا تھا۔
دورہ کے دوران دونوں اداروں کے حکام نے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں جلد فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو بلا سود قرضے اور ملازمتیں دیں گے ، وزیر توانائی
ریجنل آفس پہنچنے پر ریجنل ہیڈ سعیدہ کوثر، ریجنل کریڈٹ منیجرندیم خان، ریجنل آپریشن منیجرراجہ وسیم اور ڈویژنل آفیسر سمال انڈسٹریز کارپوریشن راجہ نیاز نے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس کے دوران ریجنل ہیڈ نے ایم ڈی سمال انڈسٹریز کو میرپور ڈویژن میں قرضہ جات کی فراہمی، درخواستوں کی وصولی کے عمل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان عارف نے مختلف برانچز کے معائنے کے دوران اس بات پر خصوصی زور دیا کہ تمام موصول ہونے والی درخواستوں پر قرضہ جات کی بروقت اجرائی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو وقت پر مالی وسائل میسر آئیں گے تو اس سے نہ صرف ان کا ریاست اور اداروں پر اعتماد بحال ہوگا، بلکہ ریاست کا نوجوان معاشی طور پر مضبوط ہو کر بہتری کی طرف جائے گا۔
ایم ڈی سمال انڈسٹریز کی ہدایات پر ریجنل ہیڈ محترمہ سعیدہ کوثر اور اجلاس میں موجود دیگر افسران نے بینک آف آزاد کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ قرضوں کی فراہمی کے اس عمل کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا تاکہ مستحق نوجوان بلا تاخیر اپنے روزگار کا آغاز کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے چھوٹےکسانوں کیلئے10 لاکھ روپے تک آسان قرض سکیم متعارف
ذیشان عارف نے بینک مینیجرز سے بات چیت میں لون فارمز کی دستیابی اور سموتھ آپریشنز کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی سائل کو بینک کے چکر نہ لگانے پڑیں اور تمام عمل شفافیت کے ساتھ مکمل ہو۔
یاد رہے کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلا سود قرض فراہم کیا جارہا ہے۔




