مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائی ،بدوں رجسٹرڈ کاروبار کرنے پر دکان سیل،غیر معیاری آئل تلف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہر کے مختلف علاقوں گوجرہ، اولڈ سیکرٹریٹ، گھڑی پن اور شوکت لائن میں قائم فوڈ پوائنٹس کے خلاف جامع کارروائی کی۔
اس دوران اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز قاضی شفیق الرحمن، سید قدیر حسین شاہ، راجہ منصور آزاد، راجہ ضیاء جاوید اور سید محب علی نقوی نے فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کے ہمراہ صفائی ستھرائی، فوڈ ہینڈلنگ، حفظانِ صحت اور اشیائے خوردونوش کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معائنہ کے دوران متعدد مقامات پر فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت بغیر رجسٹریشن کاروبار کرنے کے شواہد سامنے آئے، جس پر غیر رجسٹرڈ دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا
دیگر فوڈ پوائنٹس کو رجسٹریشن مکمل کرنے اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔
کارروائی کے دوران فوڈ ہینڈلنگ کے غیر مناسب طریقے، حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ،ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت بھی سامنے آئی
فوڈ اتھارٹی نے موقع پر جرمانے عائد کیے گئے اور غیر معیاری آئل کو تلف کر دیا گیا۔ اس موقع پر دودھ، جوسز، کولڈ ڈرنکس اور مصالحہ جات کے نمونے حاصل کر کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے جانچ کی گئی۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت فوڈ بزنس کی رجسٹریشن لازمی ہے اور بغیر رجسٹریشن کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔۔
عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، ناقص فوڈ ہینڈلنگ، حفظانِ صحت کی خلاف ورزیوں اور غیر معیاری خوراک پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہری خوراک،ناقص صفائی ستھرائی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر رابطہ کریں۔بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔




