سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور سینئر سیاسی رہنما شاہ غلام قادر نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی، عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات، مہاجرین نشستوں، انتخابی تیاریوں اور خطے کے مجموعی سیاسی ماحول پر تفصیلی گفتگو کی۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کسی بھی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا اور موجودہ حالات میں حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی ایکشن کمیٹی سے فوری اور سنجیدہ مذاکرات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا واضح مؤقف ہے کہ حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے بلکہ یہ عمل بلا رکاوٹ جاری رہنا چاہیے، کیونکہ مذاکرات ہی آزاد کشمیر کے سیاسی ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی کے مطالبات سے متعلق شاہ غلام قادرکا اہم بیان سامنے آ گیا
انہوں نے معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی تحریری معاہدے میں یہ بات درج نہیں کہ 90 دن کے اندر مہاجرین کی نشستیں ختم ہو جائیں گی۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مہاجرین کو اپنے جسم کا حصہ سمجھتی ہے اور ان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انتخابی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ انتخابات کے لیے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اور پارٹی بھرپور سیاسی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور عوامی مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو چاہیے کہ فیک اکاؤنٹ ہولڈرز کی تحقیقات کرے اور یہ معلوم کرے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے سیاسی ماحول کو خراب کرنے میں کون ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادرنے آزادکشمیر حکومت پر انتقامی کارروائیوں کا الزام لگا دیا
انہوں نے پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی انتقام کی سیاست کے علاوہ کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر رہی، جس سے سیاسی فضا مزید کشیدہ ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق ذمہ دارانہ سیاست، تحمل، برداشت اور سنجیدگی ہی وہ راستہ ہے جس سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔
قومی سلامتی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، جس سے خطے میں بھارتی عزائم واضح ہو گئے ہیں۔
آخر میں انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مذاکرات اور سیاسی افہام و تفہیم کو ترجیح دی ہے اور آج بھی یہی سمجھتی ہے کہ مذاکرات ہی آزاد کشمیر کے سیاسی استحکام اور بہتری کا واحد راستہ ہیں۔




