کینیڈا کا 13 ممالک کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان، بڑی سہولت متعارف

کینیڈا جانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں کینیڈین حکومت نے 13 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلان کے مطابق اس نئی پالیسی کے تحت فہرست میں شامل ممالک کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں بغیر ویزا کینیڈا کا سفر کر سکیں گے۔ کینیڈا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عالمی سطح پر سفر کو آسان بنانا اور کینیڈا کو بین الاقوامی مسافروں کے لیے مزید پرکشش بنانا ہے۔

ویزا فری سہولت کے تحت کینیڈا آنے والے اہل مسافر زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک ملک میں قیام کر سکیں گے۔ تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ بنیادی شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔ ان شرائط میں یہ شامل ہے کہ مسافر ہوائی سفر کے ذریعے کینیڈا میں داخل ہوں اور گزشتہ 10 برسوں کے دوران کبھی کینیڈا کا ویزا حاصل کر چکے ہوں یا اس وقت ان کے پاس امریکا کا نان امیگرنٹ ویزا موجود ہو۔

کینیڈا میں داخلے کے لیے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (ETA) حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جو ایک ڈیجیٹل اجازت نامہ کے طور پر کام کرے گی۔ حکام کے مطابق ETA کے بغیر ویزا فری سہولت کے تحت بھی کینیڈا میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں ایئر انڈیا کے پائلٹ کو پرواز سے پہلےجہاز سے اُتار دیا گیا، وجہ کیا تھی؟

نئی پالیسی کے تحت جن ممالک کو ویزا فری انٹری کی سہولت دی گئی ہے، ان میں اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور یوراگوئے شامل ہیں۔

خاص طور پر کیریبین ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے حوالے سے اس فیصلے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے نہ صرف سیاحوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ عالمی سطح پر کینیڈا کی کشش میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا جانے کے خواہشمندہنرمندافراد کیلئے زبردست آفر

حکام کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں بین الاقوامی روابط مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے میں اضافے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے، جس سے کینیڈا کو عالمی مسافروں کے لیے مزید مؤثر مقام بنانے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top