انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میچز بھارت سے منتقل کرنے کی بنگلا دیش کی درخواست مسترد کیے جانے کا دعویٰ بھارتی میڈیا نے کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جانب سے کی گئی درخواست کو منظور نہیں کیا اور ٹیم کو میچز کے لیے بھارت جانے کا کہہ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز انڈیا سے باہر کسی اور وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم آئی سی سی نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے بنگلا دیش کو واضح طور پر میچز کے لیے بھارت جانے کا کہہ دیا۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر بنگلا دیش کی ٹیم بھارت نہ گئی تو اسے پوائنٹس کھونے پڑ سکتے ہیں۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ کا مؤقف اس دعوے سے مختلف ہے۔ بنگلا دیش کرکٹ کا کہنا ہے کہ گورننگ باڈی کی طرف سے ایسا کوئی الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔ بنگلا دیش کرکٹ حکام کے مطابق پوائنٹس کٹوتی سے متعلق خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا ٹی 20سیریز ٹرافی کی رونمائی، جیت کر واپس جائیں گے، کپتان سلمان آغا
ایک روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کسی صورت بھارت نہیں جائے گی۔ ان کا یہ بیان اس معاملے میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سخت مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی 2فرنچائزز خریدنے کیلئے 10گروپس میدان میں آگئے
اسی صورتحال کے تناظر میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلایا اور اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال مزید حساس ہو گئی اور بھارتی میڈیا کی جانب سے آئی سی سی کے فیصلے سے متعلق دعوے سامنے آئے۔




