اسلام آباد:وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے ملک بھر میں سست انٹرنیٹ سے پریشان صارفین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور چند روز میں فائیو جی کا اجرا کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتار اور مستحکم انٹرنیٹ سروس کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آنے والے مہینوں میں عوام کو اس حوالے سے نمایاں بہتری نظر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس سست ، وجہ سامنے آگئی
شزا فاطمہ خواجہ براق اسپیس کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، براق اسپیس کیمپ کا آغاز 29 دسمبر 2025 کو ہوا تھا، جس میں ملک بھر سے منتخب کیے گئے 40 طلبہ نے شرکت کی۔
اس کیمپ کے دوران طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، اسپیس سائنس، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کیمپ میں شریک طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل قرار دیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کی اصل طاقت ہوتے ہیں اور ڈیجیٹل دور میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی، سائبر حملوں اور ڈیجیٹل سکیورٹی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہنر مند اور باصلاحیت نوجوانوں کی تیاری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے معرکۂ حق کے دوران نوجوانوں کے کردار کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے سائبر سیکیورٹی کے میدان میں قابلِ تعریف خدمات انجام دیں، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، حکومت اس صلاحیت کو مزید نکھارنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2029 تک ایک کروڑ گھروں تک تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا ہدف مقرر
شزا فاطمہ خواجہ نے مزید بتایا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے، جس کا مقصد عوام کو ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور آن لائن سہولیات تک آسان اور مؤثر رسائی فراہم کرنا ہے، انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے انفراسٹرکچر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ چند ماہ میں فائیو جی سروس کے اجرا کی تیاری جاری ہے، جو پاکستان کے ڈیجیٹل سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر کے مطابق حکومت نوجوانوں کو مختلف ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دے رہی ہے تاکہ وہ نہ صرف خود کفیل بن سکیں بلکہ ملکی معیشت کی مضبوطی میں بھی موثر کردار ادا کریں۔




