جہلم ویلی: لائن آف کنٹرول چکوٹھی سیکٹر پر پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
لائن آف کنٹرول کے قریب واقع آر ایچ سی چکوٹھی ہسپتال میں پاک فوج کی جانب سے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سرحدی علاقوں میں بسنے والے عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
میڈیکل کیمپ کا کمشنر مظفرآباد، ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی، ایس پی ضلع جہلم ویلی، ڈی ایچ او جہلم ویلی اور پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈاکٹرز و طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔
میڈیکل کیمپ میں پاک فوج کے ماہر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسنگ عملے نے خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پاہل:پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا معائنہ
اس دوران مرد، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا جبکہ مستحق افراد میں ادویات بھی مفت تقسیم کی گئیں۔
کیمپ میں بخار، بلڈ پریشر، شوگر، جلدی امراض، بچوں کے امراض اور دیگر عام بیماریوں کا خصوصی معائنہ کیا گیا۔ دورے کے موقع پر اعلیٰ حکام نے مریضوں سے بات چیت کی اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات محدود ہیں اور ایسے میڈیکل کیمپس عوام کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج سرحدی علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے منصوبوں پر مسلسل کام کر رہی ہے۔




