ہرارے: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے انڈر 19 کرکٹ کی تیز ترین سنچری کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان انڈر 19 کے ابھرتے ہوئے اوپنر سمیر منہاس نے منگل کو یوتھ ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا۔
یہ بھی پڑھیں: زمبابوے کو شکست :پاکستان نے سہ ملکی انڈر 19سیریز جیت لی
سمیر منہاس نے یہ کارنامہ ہرارے میں پاکستان انڈر 19 اور میزبان زمبابوے کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں انجام دیا۔
سمیر منہاس نے محض 42 گیندوں پر برق رفتار سنچری مکمل کی۔ یوں یہ یوتھ ون ڈے کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بن گئی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف فائنل میں شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 51 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
سمیر کی اس جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے زمبابوے انڈر 19 کا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا اور ون ڈے ٹرائی سیریز اپنے نام کرلی۔
یہ بھی پڑھیں:انڈر19 کرکٹ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے باعث فخرہے،فیلڈ مارشل
پاکستان انڈر 19 نے زمبابوے انڈر 19 کا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا اور سیریز بھی اپنے نام کرلی، نوجوان اوپنر کی اننگز کو یوتھ کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔




