لکی مروت کے علاقے بیگو خیل میں نجی سیمنٹ فیکٹری کی بس کے قریب دہشت گردوں نے آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو خواتین اور فیکٹری کے چار ملازمین بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا گاؤں بیگوخیل سے نجی سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس پر کیا گیا، جس سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ واقعہ کی فوری اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر دھماکا صبح 6 بج کر 30 منٹ پر ہوا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ دیگر ممکنہ خطرات کا سراغ لگایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کرک میں سکیورٹی فورسز کا بڑا ایکشن، 8 دہشت گرد ہلاک کر دئیے ، کئی زخمی حالت میں فرار
دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، ایک سیمنٹ فیکٹری کا ملازم جاں بحق ہوا، جبکہ 8 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ تھانہ سٹی لکی مروت میں درج کیا جائے گا اور تمام شواہد اکھٹے کر کے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
علاقائی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حساس مقامات پر محتاط رہیں اور مشتبہ افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔




