منشیات فروش

جہلم ویلی پولیس کا کریک ڈاؤن، مشہور منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ہٹیاں بالا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید عباس علی کی ہدایات اور ’’منشیات سے پاک معاشرہ ‘‘کے وژن کے تحت تھانہ چناری نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی اور ایک مشہور منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ۔

اس کارروائی میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ چناری راجہ محمد پرویز کے ساتھ قاضی مبارک (ڈی ایف سی)، عبدالوحید، عبد القدیر اور محمد سجاد شامل تھے۔ پولیس ٹیم نے ہٹیاں بالا کے گاؤں گڑدلہ میں کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم اشتیاق مغل ولد محمد حسن مغل کو گرفتار کیا ۔ ملزم کے قبضے سے اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی اور اس کے خلاف CNSA 9B کے تحت قانونی کارروائی کی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید عباس علی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کا اولین مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف پانچ کامیاب کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

اشتیاق مغل کی گرفتاری اور منشیات برآمدگی پولیس کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد جہلم ویلی میں منشیات فروشوں کی سرگرمیوں کو روکنا اور معاشرے میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔ تھانہ چناری کی ٹیم نے اس کارروائی میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس سے علاقے میں امن و امان کے قیام اور نوجوانوں کی صحت مند تربیت کے لیے مضبوط پیغام گیا ۔

ایس پی جہلم ویلی نے کہا کہ پولیس اپنی تمام دستیاب وسائل استعمال کرتے ہوئے منشیات کی روک تھام میں مسلسل سرگرم رہے گی، اور علاقے کے ہر شہری کو اس مقصد میں تعاون کی دعوت دی گئی ہے ۔ یہ کارروائی پولیس کی عزم اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے وژن کا مظہر ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ جہلم ویلی پولیس منشیات فروشوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں کرے گی ۔

Scroll to Top