حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے معاہدے کی قانونی حیثیت ، چوہدری امجد علی کی وضاحت

حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی قانونی حیثیت سے متعلق بحث ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے۔ اس حوالے سے کشمیر ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں چوہدری امجد علی نے معاہدے کے آئینی اور قانونی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے حالیہ مؤقف پر بھی اپنی رائے دی۔

چوہدری امجد علی سے سوال کیا گیا کہ وفاقی وزرا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا، تاہم اب عوامی ایکشن کمیٹی یہ کہہ رہی ہے کہ وہ اس معاہدے یا ایگریمنٹ کو نہیں مانتی تو چوہدری امجد علی نے قانون کی تشریح پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی تشریح دو طریقوں سے ہوتی ہے، ایک وہ جو تحریری طور پر درج ہوتی ہے اور دوسری وہ جس میں قانون کا اطلاق واقعاتی بنیادوں پر، قانونی اصولوں اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس تناظر میں فریقین معاہدے کے پابند ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک بڑے بھائی کی حیثیت رکھتا ہے، وہ مملکت خداداد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہم سب کو اپنے ذہنوں سے نکال دینی چاہیے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کو کوئی ختم کر سکتا ہے یا ان کے رشتے کو توڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رشتے جذبات پر قائم ہیں اور کلمے پر ہمارا اتحاد ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں کے مستقبل بارے اسلام آباد میں بڑی بیٹھک، عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران غائب 

چوہدری امجد علی نے فیصلہ سازی کے عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل کمی ہمارے تھنک ٹینک میں ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے پاس اچھے تھنک ٹینک موجود ہیں، لیکن عوامی ایکشن کمیٹی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بڑی معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ اکثر جذبات میں آ کر فیصلے کرتی ہے اور زمینی حقائق کو نظر انداز کر دیتی ہے۔

معاہدے کی آئینی اور قانونی حیثیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری امجد علی نے واضح کیا کہ اس معاہدے کو نوٹیفکیشن کے ذریعے قانونی تحفظ فراہم کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق جب کسی معاہدے کو نوٹیفکیشن کے ذریعے لیگل کور مل جائے تو اس صورت میں فریقین اس پر عملدرآمد کے پابند ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ حکومتی معاہدے پر عملدرآمد کی تفصیلات سامنے آگئیں

یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔

Scroll to Top