نیل فیری میڈوز پر تاریخ ساز ونٹر کیمپنگ، کشمیر ایڈونچر کلب کا نیاریکارڈ

حویلی کہوٹہ میں واقع قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقام نیل فیری میڈوز پر تاریخ میں پہلی مرتبہ انتہائی سخت موسمی حالات کے باوجود ونٹر کیمپنگ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

کشمیر ایڈونچر کلب کے بہادر اور پرعزم ممبران نے منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں کیمپ لگا کر ایک نیا اور منفرد ریکارڈ قائم کر دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی کہاں ہے؟ محسن نقوی نے بتادیا

یہ کیمپنگ سطح سمندر سے تقریباً 10 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع علاقے میں کی گئی، جہاں شدید برف باری اور سخت سردی کے باعث نیل فری جھیل مکمل طور پر جم چکی ہے۔

ان انتہائی دشوار گزار حالات میں کیمپنگ نہ صرف ایک بڑا کارنامہ ہے بلکہ یہ نوجوانوں کی ہمت، جرات اور پیشہ ورانہ تربیت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔

کشمیر ایڈونچر کلب کے ممبران نے جدید حفاظتی اقدامات اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت اس مہم کو کامیابی سے سرانجام دیا۔ اس مہم کا مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کا شعور اجاگر کرنا اور حویلی کہوٹہ کے پوشیدہ سیاحتی مقامات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لاطینی امریکا میں شدید کشیدگی، امریکا کا وینزویلا پر باضابطہ حملہ

مقامی عوام اور سیاحتی حلقوں نے اس تاریخی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے حویلی کہوٹہ کی سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی سودمند ثابت ہو سکتی ہیں۔

کشمیر ایڈونچر کلب کا یہ جرات مندانہ اقدام آنے والے وقت میں ایڈونچر سیاحت کے شوقین افراد کے لیے ایک مثال بنے گا اور نیل فیری میڈوز کو ونٹر ٹورازم کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔