2026 میں سمارٹ فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز مہنگی ہونے کا امکان

سال 2026 میں صارفین کے لیے سمارٹ فونز، کمپیوٹرز اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق عالمی سطح پر سمارٹ فونز کی قیمتیں بڑھنے کی بڑی وجہ مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے ریم (RAM) کی بڑھتی ہوئی مانگ قرار دی گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ انٹیلی جنس فرم آئی ڈی سی (IDC) کی دسمبر 2025 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریم، جو کمپیوٹرز اور سمارٹ فونز میں ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، اب بڑی مقدار میں AI ڈیٹا سینٹرز کی ضروریات کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کے باعث ریم کی سپلائی اور ڈیمانڈ کے درمیان توازن متاثر ہوا ہے، جس کا براہ راست اثر قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

آئی ڈی سی کے مطابق سال 2026 میں ڈی ریم (DRAM) کی سپلائی میں سالانہ بنیادوں پر صرف 16 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو تاریخی اوسط سے کم ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ AI ڈیٹا سینٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے زیادہ ریم درکار ہے، اور اسی بڑھتی ہوئی مانگ کے نتیجے میں سپلائی محدود ہو رہی ہے۔

انٹیلی جنس فرم کے مطابق اس صورتحال کے باعث سمارٹ فون بنانے والی بڑی کمپنیاں، جن میں ایپل،سامسنگ اور گوگل شامل ہیں، اپنی بڑھتی ہوئی لاگت کو پورا کرنے کے لیے قیمتیں بڑھا سکتی ہیں۔ اسی تناظر میں CyberPowerPC کے جنرل مینیجر سٹیو میسم کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران ریم کی قیمتوں میں تقریباً 500 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مینوفیکچررز پر دباؤ بڑھے گا کہ وہ یہ اضافی لاگت صارفین تک منتقل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا کمپنی نےسوک کے نئے ماڈلز کی تعارفی قیمتوں کا اعلان کردیا

ایک تجزیے کے مطابق سال 2026 میں عالمی سمارٹ فون شپمنٹس میں 2.1 فیصد کمی متوقع ہے، جبکہ ریم کی قیمتیں سال کے دوسرے نصف میں تقریباً 40 فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ ماہرین کے اندازے کے مطابق 16 جی بی ریم والے لیپ ٹاپ کی پیداوار پر 40 سے 50 ڈالر اضافی لاگت آ سکتی ہے، جبکہ ایک سمارٹ فون کی تیاری پر تقریباً 30 ڈالر اضافی خرچ متوقع ہے، جو ممکنہ طور پر صارفین سے وصول کیا جائے گا۔

Counterpoint کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سال 2026 میں سمارٹ فونز کی اوسط فروخت قیمت میں تقریباً 6.9 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں iPhone 17 Max ماڈل کی قیمت 1,281 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جو سال 2025 میں 1,199 ڈالر تھی۔ تاہم رپورٹ کے مطابق اس قیمت میں اضافے کا اثر خاص طور پر کم قیمت والے فونز پر زیادہ محسوس ہوگا، جبکہ بڑی کمپنیوں کے مہنگے ماڈلز کی قیمت میں اضافہ نسبتاً کم ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سال 2025 کے بہترین بیٹری لائف سمارٹ فونز کی فہرست جاری

Scroll to Top