این سی سی آئی اے

سالِ نو کی مبارکباد یا سائبر جال؟ این سی سی آئی اے کا عوام کیلئے بڑا انتباہ

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سالِ نو 2026کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ صارفین کیلئے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔

ایجنسی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ نئے سال کی مبارکباد کے نام پر جعلی لنکس ، تحائف اور پُرکشش آفرز کے پیغامات تیزی سے گردش کر رہے ہیں جو سائبر فراڈ کا باعث بن سکتے ہیں ۔

این سی سی آئی اے کے مطابق سائبر جرائم پیشہ عناصر سالِ نو جیسے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔

ان پیغامات میں اکثر نامعلوم نمبروں سے مبارکباد کے لنکس یا جعلی انعامات کے دعوے کیے جاتے ہیں ، جن پر کلک کرنے سے صارفین کا موبائل ڈیٹا، ذاتی معلومات اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس خطرے میں پڑ سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پرانے آئی فون ماڈلز بند ،ای 16 اپ گریڈیشن کا راستہ کھل گیا

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام کسی بھی انجان یا مشتبہ لنک پر ہرگز کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنا واٹس ایپ تصدیقی کوڈ ، پاس ورڈ یا دیگر ذاتی معلومات کسی کیساتھ شیئر کریں ۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کوڈ شیئر کرنے سے صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہو سکتا ہے جسکے بعد مجرم اس اکاؤنٹ کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔

این سی سی آئی اے نے مزید بتایا کہ نامعلوم نمبروں سے آ نیوالے لنکس نہ صرف موبائل فون بلکہ انٹرنیٹ ڈیٹا اور بینکنگ معلومات کیلئےبھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں ۔ اسی لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ مستند ذرائع کے علاوہ کسی بھی پیغام پر اعتماد نہ کریں ۔

ایجنسی کے مطابق یہ ہدایات حکومت کے شفافیت اور عوام کے ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے سائبر کرائم کیخلاف مؤثر اقدامات، اصلاحات اور احتساب کے فروغ کیلئےمسلسل کام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top