شناختی کارڈ کا حصول مزید آسان، نادرا نے ای سہولت فرنچائزز پرپائلٹ پراجیکٹ شروع کردیا

نادرا کی ای سہولت فرنچائزز پر شناختی خدمات فراہم کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع ہوگیا، گمشدہ شناختی کارڈ کا ری پرنٹ اور تجدید اب منتخب ای سہولت فرنچائزز سے ممکن ہوسکے گی۔

ترجمان نادرا کے مطابق نادرا کی خدمات عوام کے گھروں کے قریب لانے کے لیے نیا متبادل سروس چینل متعارف کرادیا گیا، اس پائلٹ منصوبے کا آغاز اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی سے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فنگرپرنٹس میں دشواری !نادرا نے شہریوں کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی

ابتدائی مرحلے میں 18 ای سہولت فرنچائزز پر نادرا خدمات دستیاب ہیں، ہر ای سہولت فرنچائز پر نادرا کا نامزد افسر موجود ہوگا۔

نادرا کی مقررہ فیس پر ای سہولت سروس چارجز 100 روپے اضافی وصول کیے جائیں گے، ای سہولت نیٹ ورک میں ملک بھر میں 22 ہزار سے زائد فرنچائزز موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق 9,500 سے زائد ای سہولت فرنچائزز پر بایو میٹرک سہولیات دستیاب ہیں، ناخواندہ شہریوں اور اسمارٹ فون نہ رکھنے والوں کے لئے سہولت موجود ہے، نادرا مراکز پر رش اور شہریوں کے سفری مسائل میں کمی آئے گی۔

پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد سہولت ملک بھر میں فراہم کی جائے گی، اس پائلٹ منصوبے میں شامل ای سہولت فرنچائزز کی تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک آئی ڈی ایپ ،نادرا کی تمام خدمات موبائل فون پردستیاب

شناختی خدمات کی شہریوں کے گھروں کے قریب دستیابی سے ان کی سفری مشکلات میں کمی آئے گی اور نادرا مراکز پر رش میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔

Scroll to Top