بھارتی سیاستدان اور سماج وادی پارٹی کے رہنما سنتان پانڈے نے مودی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2019 میں ہونے والا پلوامہ حملہ کسی غیر ملکی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ یہ بی جے پی کی جانب سے رچایا گیا ایک ڈرامہ تھا۔ ان کے مطابق پلوامہ حملے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزامات لگائے گئے، تاہم ان الزامات کے حق میں آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنتان پانڈے نے کہا کہ پلوامہ حملہ بی جے پی کی سازش کا حصہ تھا اور اس کا مقصد سیاسی مفادات کا حصول تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے جھوٹ چھپانے کے لیے پلوامہ حملے کا ڈھونگ رچایا اور عوام کو گمراہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے حوالے سے حکومت آج تک یہ نہیں بتا سکی کہ حملے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس کہاں سے آیا۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بغیر کسی تحقیق اور شواہد کے پاکستان پر الزام لگانا مودی حکومت کی عادت بن چکا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت نے ہر بار بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیے اور ان کی بنیاد پر سیاسی بیانیہ تشکیل دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے مطابق بھارت پر برتری حاصل کر لی
سنتان پانڈے نے مزید کہا کہ بمبئی اور پلوامہ حملے، سمجھوتہ ایکسپریس اور پہلگام جیسے واقعات فالس فلیگ آپریشنز تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے فالس فلیگ آپریشنز مودی حکومت کے مذموم مقاصد کے حصول کا پرانا طریقہ ہیں، جنہیں بار بار دہرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 2019 میں پلوامہ حملے اور بعد ازاں 2025 میں ہونے والے پہلگام واقعے کا الزام بھی پاکستان پر عائد کیا، تاہم ان الزامات کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ سنتان پانڈے کے مطابق ان واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:بٹ کوائن منی لانڈرنگ ،دبئی میں بھارتی نوسرباز کو 5 سال قید ،ملک بدری کا حکم
یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے ان الزامات کی ہر بین الاقوامی فورم پر سختی سے تردید کی گئی۔ پاکستان نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ اگر بھارتی حکومت شواہد فراہم کرے تو پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ تاہم بھارتی ہندو انتہا پسند سرکار آج تک ان حملوں سے متعلق کوئی ایک بھی ثبوت فراہم نہیں کر سکی۔




