وزن کم کرنے میں مددگار غذائیں کونسی ہیں؟ ماہرین کی رپورٹ

وزن کم کرنے کے حوالے سے مختلف طریقے زیرِ بحث رہتے ہیں، تاہم ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ وزن گھٹانے کے لیے کوئی جادوئی غذا موجود نہیں۔ صحت سے متعلق ویب سائٹ ویری ویل ہیلتھ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ مخصوص غذائی اجزا اگر متوازن خوراک کا حصہ بنائے جائیں تو وہ میٹابولزم کو عارضی طور پر بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں ماچا، بادام اور کافی کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ماچا، جو جاپانی سبز چائے کی ایک قسم ہے، ورزش کے دوران چکنائی جلانے کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے اور توانائی کے استعمال میں اضافہ کرتی ہے۔ ماچا میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور مرکب ایپی گیلوکیٹچن گیلیٹ نشاستے کے ہضم کے عمل کو سست کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں خون میں گلوکوز کے اخراج کو محدود کیا جا سکتا ہے۔ یہ عمل میٹابولزم کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ماچا کو متوازن غذا کا ایک حصہ بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سورج مکھی کے بیجوں میں موجود غذائی اجزاء اور صحت کے اہم فوائد جانیے

اسی طرح بادام کو بھی رپورٹ میں نمایاں غذائی جز کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ روزمرہ خوراک میں محدود مقدار میں بادام شامل کرنے سے دیر تک پیٹ بھرے ہونے کا احساس برقرار رہتا ہے، جس کے باعث مجموعی کیلوریز کے استعمال میں کمی ممکن ہوتی ہے۔ فائبر اور پروٹین سے بھرپور بادام آرام کی حالت میں توانائی کے استعمال کی شرح بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بادام آنتوں کی صحت بہتر بنانے کے ذریعے بھی میٹابولزم کو سہارا دیتے ہیں۔

کافی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس میں موجود کیفین میٹابولزم کی رفتار کو عارضی طور پر 5 سے 20 فیصد تک بڑھا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں کیلوریز زیادہ جلتی ہیں۔ اس کے علاوہ کیفین چکنائی جلانے کے عمل کو فروغ دیتی ہے۔ بعض مطالعات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کھانے سے پہلے کافی پینے سے مردوں میں بھوک کم ہو سکتی ہے، تاہم خواتین میں اس کا واضح اثر نہیں پایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھنے ہوئے چنے ، ذیابیطس اورشوگر کو کنٹرول کا قدرتی راز ہے :طبی ماہرین

ماہرین کے مطابق یہ غذائیں وزن کم کرنے کا متبادل نہیں بلکہ صحت مند غذا اور باقاعدہ ورزش کے ساتھ معاون کردار ادا کر سکتی ہیں۔

Scroll to Top