حویلی فارورڈ کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل ، سعد بخاری سے) پروونشل پروگرام منیجر ای پی آئی ڈاکٹر سردار منظور احمد کا ضلع حویلی کا تفصیلی دورہ، ماہانہ کارکردگی میٹنگ میں شرکت اور مراکز حفاظتی ٹیکہ جات کا معائنہ
پروونشل پروگرام منیجر (EPI) ڈاکٹر سردار منظور احمد نے ضلع حویلی کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا، جس کا مقصد ضلع میں جاری حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی مجموعی پیش رفت، ماہانہ و سالانہ کارکردگی، فیلڈ سطح پر درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سربراہی میں منعقدہ ماہانہ کارکردگی میٹنگ میں شرکت کی۔
ماہانہ کارکردگی میٹنگ کے دوران ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے تحت بچوں اور خواتین کی ویکسینیشن کوریج، روٹین ایمیونائزیشن، آؤٹ ریچ سیشنز، ڈیٹا مینجمنٹ، کولڈ چین سسٹم، ویکسین کی دستیابی اور فیلڈ سپورٹ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پروونشل پروگرام منیجر نے ضلع کی مجموعی سالانہ کارکردگی کا جامع تجزیہ کرتے ہوئے مجموعی پیش رفت کو تسلی بخش اور حوصلہ افزا قرار دیا۔
ڈاکٹر سردار منظور احمد نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز، ویکسینیٹرز، ٹیکنیشنز اور سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی کوریج، ڈیٹا رپورٹنگ یا سروس ڈیلیوری میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، وہاں مربوط حکمت عملی، بہتر نگرانی اور فیلڈ سپورٹ کے ذریعے مزید بہتری کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے پروونشل پروگرام منیجر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ضلع حویلی میں شعبہ صحت اور بالخصوص حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کی مجموعی صورتحال، انتظامی اقدامات اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی قیادت کی رہنمائی میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھمبر پولیس کی بڑی کارروائی، موبائل شاپ چوری میں ملوث ملزم گرفتار
میٹنگ میں ڈسٹرکٹ سپرنٹینڈنٹ ویکسینیشن محمد فاروق میر نے ضلع کی ماہانہ و سالانہ ویکسینیشن کارکردگی، اہداف کے حصول، کوریج کے تناسب اور فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی آئی عبدالرحمن نے ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی مجموعی کارکردگی، یونین کونسل سطح پر پیش رفت، درپیش چیلنجز، لاجسٹک انتظامات اور آئندہ حکمت عملی پر جامع اور تکنیکی پریزنٹیشن دی۔
پروونشل پروگرام منیجر نے میٹنگ کے اختتام پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ او کی قیادت میں ضلع حویلی میں ای پی آئی پروگرام کی کارکردگی قابلِ اطمینان ہے اور آئندہ دنوں میں مربوط کوششوں، بہتر پلاننگ اور مسلسل نگرانی کے ذریعے مزید بہتری کی توقع ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم وجہلم میں برفباری ، سیاحوں اور مقامی شہریوں کیلئے انتباہ جاری
انہوں نے فیلڈ اسٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیم ورک، شفاف رپورٹنگ اور کمیونٹی انگیجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں ڈاکٹر سردار منظور احمد نے بیسک ہیلتھ یونٹ دیگوار میں قائم مرکزِ حفاظتی ٹیکہ جات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سروس ڈیلیوری، ریکارڈ مینجمنٹ، کولڈ چین آلات اور ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
انہوں نے انچارج مرکزِ حفاظتی ٹیکہ جات چوھدری لطیف اکبر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور بہترین خدمات کے اعتراف میں شاباش دی۔
اسی سلسلے میں پروونشل پروگرام منیجر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں واقع مرکزِ حفاظتی ٹیکہ جات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے وہاں موجود سہولیات، عملے کی دستیابی اور ویکسینیشن سروسز کا جائزہ لیتے ہوئے انچارج مرکز ظہیر احمد کیانی کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا اور تسلی بخش کارکردگی پر اظہارِ اطمینان کیا۔
دورے کے اختتام پر پروونشل پروگرام منیجر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلع حویلی میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ جاری رہے گا
بچوں و خواتین کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنانے کے قومی اہداف کے حصول میں مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔




