مظفرآباد: دومیل پل پر نوجوان کی خودکشی کی کوشش ناکام، بروقت کارروائی

مظفرآباد میں دومیل پل پر پیش آنے والے ایک نہایت حساس واقعے میں ایک نوجوان نے دل برداشتہ ہو کر دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی کے باعث یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ دومیل پل مظفرآباد پر پیش آیا، جہاں ایک نوجوان پل کے کنارے کھڑا ہو کر دریائے جہلم میں چھلانگ لگانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران سول کپڑوں میں موجود رینجر پولیس کے ایک اہلکار نے فوری طور پر صورتحال کا اندازہ کرتے ہوئے نوجوان کو قابو میں لے لیا اور بڑی ناخوشگوار صورتحال کو رونما ہونے سے قبل ہی روک دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی رانا ظہیر احمد، انچارج آپریشن ریسکیو 1122 مظفرآباد، اور کلیم اعوان، واٹر ریسکیو یونٹ (ایس ڈی ایم اے دومیل) کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ریسکیو اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر نوجوان کو محفوظ انداز میں مکمل طور پر قابو میں لیا اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: وزیر صحت آزاد کشمیر کا سی ایم ایچ ایمرجنسی وارڈ کا اچانک دورہ

متاثرہ نوجوان کی شناخت کاشف ولد شبیر، ساکنہ صفتھان، ضلع مظفرآباد کے طور پر ہوئی ہے، جس کی عمر تقریباً 25 سال بتائی گئی ہے۔ نوجوان کو ریسکیو کارروائی کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

واقعے کے دوران واٹر ریسکیو یونٹ ایس ڈی ایم اے دومیل کا عملہ مکمل طور پر الرٹ رہا۔ ریسکیو اہلکار ربڑ بوٹ کے ساتھ دریائے جہلم میں موجود رہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور کسی قسم کے جانی نقصان سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top