نیلم(کشمیر ڈیجیٹل سے)بالائی نیلم کے دشوار گزار، شدید سرد اور برف پوش علاقوں میں پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے عملی اقدامات میں بھی پیش پیش ہے۔

اسی سلسلے میں کشمیر آرفن ٹرسٹ کے تعاون سے بالائی نیلم کے انتہائی سرد علاقوں تاوبٹ بالا، تاوبٹ، ہمت سرداری، ہانٹھی سنڈاس اور گردونواح کے دیگر علاقوں میں مستحق اور نادار خاندانوں میں گرم ملبوسات تقسیم کیے گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انجمن تاجران جلال آباد سولی الیکشن، کانٹے دار مقابلہ ،ابرار حیدر شیرازی صدر ،ارشد قریشی جنرل سیکرٹری منتخب

تفصیلات کے مطابق شدید سردی، برف باری اور محدود سہولیات کے باعث ان دور دراز علاقوں کے مکینوں کو روزمرہ ضروریات خصوصاً گرم کپڑوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مہنگائی کے اس کٹھن دور میں غریب اور مستحق افراد کے لیے گرم ملبوسات خریدنا ممکن نہیں رہا، جہاں وہ خریدنے سے قاصر ہیں وہاں صرف دیکھ کر ہی رہ جاتے ہیں۔
ایسے حالات میں پاک فوج اور کشمیر آرفن ٹرسٹ ریلیف کی جانب سے یہ فلاحی اقدام عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔

مقامی افراد نے پاک فوج کے اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ مشکل ترین حالات میں عوام کے دکھ درد میں شریک ہو کر عملی مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ شدید سردی میں گرم کپڑوں کی فراہمی سے مستحق خاندانوں، بچوں اور بزرگوں کو بڑی سہولت میسر آئی ہے اور ان کی مشکلات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور کشمیر آرفن ٹرسٹ ریلیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا تاکہ دور افتادہ علاقوں کے غریب اور مستحق افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔





