کراچی: ملک میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 5,500 روپے سستا ہوگیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن (APJAA) کے مطابق اس کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 70 ہزار 162 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، جو 4,715 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 3 ہزار 88 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 55 ڈالر کم ہو کر 4,478 ڈالر فی اونس رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور بین الاقوامی اقتصادی حالات ہیں، جن کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد لوگ طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے سونا خریدنے کے حوالے سے متحرک ہو سکتے ہیں، کیونکہ یہ ایک محفوظ اور روایتی سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پر ہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سے سرفہرست ہیں، اور ایشیا میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔




