ملاقات

روس یوکرین امن معاہدہ، زیلنسکی آج امریکی صدر سے اہم ملاقات کریں گے

فلوریڈا: روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ امن منصوبے میں تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک اہم ملاقات آج ہونے جا رہی ہے ۔

امریکی ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ۔

ملاقات کا مقصد روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے 20 نکاتی امن منصوبے پر بات چیت کرنا ہے، جو تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے ۔

صدر زیلنسکی کے مطابق امن منصوبے کے ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ سکیورٹی گارنٹی معاہدہ بھی تقریباً تیار ہو چکا ہے ۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد قائم کرنے اور یوکرین کی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔

ملاقات میں خاص طور پر ڈونباس کے علاقے کی صورتحال، زاپوریزیا نیوکلیئر پلانٹ کی سکیورٹی، اور زمینی حدود سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 900 ارب ڈالر کے دفاعی پالیسی بل پر دستخط کردئیے

ان معاملات پر واضح رہنمائی کے بغیر کسی بھی امن منصوبے کو عملی شکل دینا مشکل ہوگا ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس ملاقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی معاہدے کی حتمی منظوری ان کے بغیر ممکن نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یوکرینی صدر کے ساتھ ملاقات مثبت ماحول میں ہوگی اور اُمید ہے کہ اس سے جنگ کے خاتمے کی راہ میں اہم پیش رفت حاصل ہو گی ۔

سیاسی ماہرین کے مطابق یہ ملاقات بین الاقوامی سیاست میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف یوکرین میں جنگ بندی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں بلکہ یورپ میں سکیورٹی کی صورتحال میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔

اس دوران عالمی برادری کی نظریں بھی اس ملاقات پر مرکوز ہیں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا روس اور یوکرین کے درمیان دیرپا امن قائم ہو سکتا ہے یا نہیں ۔

یہ پیش رفت بین الاقوامیسطح پر امن کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے اور اس پر دنیا بھر میں سنجیدہ نظر رکھی جا رہی ہے ۔

Scroll to Top