گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے برطانیہ میں کی جانے والی باتیں ملک مخالف اور تشویشناک ہیں، جو دہشت گردی کے مترادف ہیں ۔
کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جو بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے وہ ایسا ہے جیسے افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہو ۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج کے خلاف کی جانے والی باتیں دراصل پی ٹی آئی کا اصل بیانیہ ہیں جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں ۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مئی کی جنگ کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی ملی ہے اور ایک امریکی میگزین نے پاکستان کو ونر جبکہ بھارت کو لوزر قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں طاقت کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا پاکستان کے ساتھ دفاعی ہتھیاروں کے معاہدے کر رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ایک مضبوط ملک ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا میں بارش اور شدید برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا
صوبائی گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور اب وہ اوورسیز پاکستانیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم یہ بیانیہ زیادہ دن نہیں چلے گا ، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے پروپیگنڈے سے دور رکھیں ۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اب پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں اور ان کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کیا جانا چاہیے جو ماضی میں ہماری پارٹی کے ساتھ رکھا گیا ۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دیں اور ہم اپنے فیلڈ مارشل اور افواج کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
پریس کانفرنس کے آخر میں گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں وفاق کی علامت ہے اور کراچی بھیک نہیں مانگ رہا بلکہ اپنا جائز حصہ طلب کر رہا ہے ۔




