امریکا میں بارش اور شدید برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ۔ مختلف ریاستوں میں راستے بند ہونے کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں، امدادی ادارے ہنگامی بنیادوں پر سرگرمِ عمل ہیں ۔
خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں 14 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں جس سے لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
شدید برف باری کے باعث ریاست نیو جرسی، نیویارک، شکاگو اور بوسٹن میں معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہیں ۔
کئی علاقوں میں حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے جبکہ برف کی موٹی تہیں جمنے سے اہم شاہراہیں بند ہو چکی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکہ کا دوسرا بڑا جیک پاٹ،شہری نے 1.8 ارب ڈالر کی لاٹری جیت لی
نیویارک اور نیو جرسی میں موسمی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے ۔
دوسری جانب ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں شدید سیلاب آیا ہے جس نے ٹریفک کے نظام کو مکمل طور پر معطل کر دیا ہے ۔
سیلابی ریلوں کے باعث متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے ۔
لاس اینجلس کاؤنٹی میں سیکڑوں افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ ریاست بھر میں تقریباً 50 ہزار افراد بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت نے امریکہ میں مقیم کشمیری رہنما غلام نبی فائی کی اراضی ضبط کر لی
حکام کے مطابق بجلی بحال کرنے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے امدادی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں ۔
موسمی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے ۔




