بارش

بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی آمد کے پیش نظر آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہےجبکہ آزادکشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کے ممکنہ خطرے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 29 دسمبر کو ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ بلوچستان کے متعدد اضلاع میں 29 سے 31 دسمبر کے دوران بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران آزادکشمیر،خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد، مری، گلیات اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں 30 دسمبر سے 2 جنوری تک بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ آزادکشمیر ،بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر :بارش، برفباری سے موسم سرد،ماحول خوشگوار ہوگیا

اسی دوران کراچی میں بھی موسمِ سرما کی پہلی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو 30 دسمبر کو متوقع ہے اور اس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے بھی متوقع خراب موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 29 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن اور دیگر بلند علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، گرج چمک اور برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیاحوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

 

Scroll to Top