شاہین آفریدی

ٹی 20ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کیلئے بری خبر، اہم کھلاڑی انجری کا شکار

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف بگ بیش لیگ میں ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے بلکہ ٹی 20ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کے شائقین بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

شاہین آفریدی آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں وہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے۔

میچ کے دوران ایک موقع پر فیلڈنگ کرتے ہوئے شاہین آفریدی کو اپنے گھٹنے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد وہ کچھ دیر تک کھیل جاری نہ رکھ سکے اور لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔

ابتدائی طور پر ٹیم مینجمنٹ اور طبی عملے نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کی، تاہم انجری کی نوعیت کا حتمی تعین ایم آر آئی اسکین کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انجری کے باعث شاہین آفریدی کے بگ بیش لیگ کے بقیہ میچز سے باہر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم حتمی فیصلہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:فاسٹ بائولرشاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر انجری کا شکار

ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم شائقین کرکٹ کی نظریں طبی رپورٹس پر مرکوز ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین آفریدی تکلیف کے عالم میں لنگڑاتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر جا رہے ہیں اور ہاتھ کے اشارے سے اپنے گھٹنے کی طرف اشارہ بھی کر رہے ہیں، جس سے انجری کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ماضی میں بھی گھٹنے کی انجری کا شکار رہ چکے ہیں اور طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔

اگلے سال ہونے والے ٹی 20ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو مکمل طور پر فٹ شاہین آفریدی کی اشد ضرورت ہو گی، ایسے میں ان کی صحت اور فٹنس قومی ٹیم کے لیے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے۔

شائقین کرکٹ دعا گو ہیں کہ شاہین آفریدی جلد صحتیاب ہو کر ایک بار پھر میدان میں اپنی برق رفتار بولنگ کے جوہر دکھائیں۔

Scroll to Top