ثاقب مجید کی ن لیگ میں شمولیت،سینئر سیاستدان راجہ عبدالقیوم بھی میدان میں کود پڑے

اسلام آباد:مسلم کانفرنس کے رہنما ثاقب مجید راجا کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت، حلقہ کھاوڑہ میں سابق وزیر حکومت وسینئر سیاستدان راجہ عبدالقیوم خان خود میدان میں کود پڑے ہیں اور الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

حلقہ کھاوڑہ میں مشاورتی اجلاس سے خطاب میں راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ پارٹی میں ان لوگوں کو ہی ٹکٹ ملے گا جو پہلے دن سے پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں، نئے لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ کھاوڑہ میں میں خود، راجہ ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت ایڈووکیٹ امیدوار ہیں ، ان میں سے جس کو بھی ٹکٹ ملے اعتراض نہیں ،باہر سے آنیوالوں کو ٹکٹ نہیں لینے دینگے۔

یاد رہے کہ عبدالقیوم خان کا شمار مسلم لیگ(ن) کے سینئر ترین رہنمائوں میں ہوتا ، گزشتہ الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ جاری کیا گیا تھا جو انہوں نے صحت خرابی کے باعث واپس کردیا تھا جس پر راجہ ابرار ایڈووکیٹ کو ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: راجاثاقب مجید ، بریگیڈیئر(ر) محمد خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ اگر راجہ عبدالقیوم خان خود میدان میں اترتے ہیں تو وہ ثاقب مجید کیلئے ٹکٹ کے حصول میں مشکلات پیدا کرسکتے ہیں یا پھر آزادالیکشن لڑنے پر بھی ثاقب مجید راجا کیلئے شدید مشکلات درپیش ہونگی۔

ثاقب مجید راجا کو کچھ مسلم لیگی کارکنوں کی طرف سے بھی مخالفت کا سامنا ہے اور اگر راجہ عبدالقیوم خان ، راجہ ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت متحد ہوگئے تو ثاقب مجید راجا کیلئے ٹکٹ لینے آسان نہیں ہوگا اور ٹکٹ مل بھی گیا تو کامیابی ممکن نہیں ہوگی۔

ثاقب مجید راجا کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کے موقع پر ان تینوں رہنمائوں میں سے کسی نے شرکت نہیں کی جس سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں کہ کھاوڑہ میں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کیلئے فیصلہ آسان نہیں ہوگا۔

Scroll to Top