آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر اور سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی راجہ ثاقب مجید اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔ اسی طرح وسطی باغ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ آرمی آفیسر بریگیڈیئر (ر) محمد خان نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ان رہنماؤں کی شمولیت کی تقریب جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، سابق وزیر راجہ مشتاق منہاس سمیت درجنوں پارٹی قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران راجہ ثاقب مجید اور بریگیڈیئر (ر) محمد خان نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ شرکاء نے اس پیش رفت کو آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا۔
واضح رہے کہ مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر اور امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ راجہ ثاقب مجید اور وسطی باغ سے بریگیڈیئر (ر) راجہ محمد خان نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
راجہ ثاقب مجید کا تعلق مظفرآباد کے حلقہ 5 کھاوڑہ سے ہے، جو آزاد کشمیر کا ایک اہم اور روایتی طور پر سخت مقابلے والا حلقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس حلقے سے اس وقت قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر رکن اسمبلی ہیں۔
چوہدری لطیف اکبر اب تک 10 انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، جن میں سے 7 میں کامیابی جبکہ 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ راجہ ثاقب مجید نے ماضی میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر تین انتخابات میں حصہ لیا تاہم وہ کسی ایک میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ثاقب مجید راجا، بریگیڈیئر(ر) محمد خان آج ن لیگ میں شامل ہونگے
کھاوڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ سابق وزیر راجہ عبدالقیوم خان، سابق ٹکٹ ہولڈر راجہ ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی ٹکٹ کے امیدوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں چوہدری شفقت علی نے ایک بڑا مشاورتی اجلاس بلا کر قیادت کو پیغام دیا کہ “ہم پیراشوٹر قبول نہیں کریں گے”، اس اجلاس میں راجہ عبدالقیوم خان نے بھی شرکت کی۔
اسی طرح وسطی باغ سے بریگیڈیئر (ر) راجہ محمد خان کو بھی حلقے میں ٹکٹ کے مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم یہاں راجہ مشتاق احمد منہاس بھی امیدوار ہیں، جنہوں نے دو روز قبل میاں نواز شریف سے ملاقات بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو جھٹکا، سردار میر اکبر مسلم لیگ نواز میں شامل
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں آئندہ چند روز میں دو ممبران اسمبلی سمیت مزید شخصیات کی شمولیت بھی متوقع ہے۔




