لبرٹی چوک بلاک کرنے، ریاست مخالف نعرے بازی، پولیس اہلکاروں کے کام میں رکاوٹ، پی ٹی آئی کے انتشاریوں کے خلاف مقدمہ درج

 

لاہور میں جمعہ کے روز لبرٹی چوک بلاک کرنے، ریاست مخالف نعرے بازی اور پولیس اہلکاروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انتشاریوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے علاقے مین مارکیٹ گلبرگ میں سڑک بند کرنے اور حکومتِ پاکستان کے خلاف نفرت انگیز نعرے بازی کرنے کے الزام میں پولیس نے 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ متعدد نامعلوم مظاہرین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ 26 دسمبر 2025 کو پیش آیا، جس کے بعد تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق سب انسپکٹر عمران احمد، ہمراہ پولیس نفری، معمول کے گشت اور تلاش کے دوران مین مارکیٹ پہنچے تو 25 سے 30 نامعلوم افراد سڑک کے درمیان کھڑے ہو کر احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہرین نے حکومتِ پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی اور روڈ بلاک کر کے عوام الناس کے لیے شدید مشکلات پیدا کیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کھلوانے کی کوشش کی گئی، تاہم مظاہرین نے مزاحمت جاری رکھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی

پولیس کارروائی کے دوران 13 افراد کو قابو کر لیا گیا، جنہوں نے بعد ازاں اپنے نام اور پتے بتائے۔ گرفتار ملزمان میں زمین خان نیازی، امان اللہ، جہانزیب، احمد رضا، علی رحمان، حسن سجاد، حفیظ، محمد احتشام، عامر، محمد واجد، عبد الوکیل، ذاکر اور ضمیر شامل ہیں، جن کا تعلق لاہور، نارووال، مانسہرہ، پشاور اور ایبٹ آباد سمیت مختلف شہروں سے بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 11 سے 12 نامعلوم افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے سڑک بلاک کر کے عوامی گزرگاہ میں رکاوٹ پیدا کی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ عمل تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 290 اور 291 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج میں ریاست مخالف تقاریر، پاکستان کا برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار

پولیس نے موقع پر کارروائی کے بعد گرفتار افراد کو حراست میں لے لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقدمہ باقاعدہ طور پر تھانہ غالب مارکیٹ میں درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ افسرانِ بالا کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور عوامی نظم و ضبط میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top