الوداع ملتان سلطانز، ترین گروپ نئی پی ایس ایل ٹیم کی بڈنگ میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک بڑے اور اہم دور کا اختتام ہو گیا ہے، جہاں لیگ کی مہنگی ترین فرنچائز ملتان سلطانز کا باب بند ہونے جا رہا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق ملتان سلطانز اور پی ایس ایل کے درمیان معاہدہ اپنی مدت مکمل کر چکا ہے، جس پر باضابطہ مہر 31 دسمبر کو ثبت کی جائے گی۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کا پی ایس ایل سے تعلق ختم ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کے اونر علی ترین گزشتہ کچھ عرصے سے لیگ کے انتظامی معاملات اور ایک آفیشل پر کھلے عام تنقید کرتے آ رہے تھے۔ انہوں نے مختلف پوڈکاسٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پی ایس ایل کے اسٹرکچر پر سوالات اٹھائے۔ اسی تناظر میں جب بورڈ کی جانب سے ملتان سلطانز کو نوٹس ارسال کیا گیا تو علی ترین نے اس نوٹس کو ویڈیو میں پھاڑتے ہوئے طنزیہ ردعمل بھی دیا۔

اسی پس منظر میں پی ایس ایل بورڈ نے ملتان سلطانز کے علاوہ دیگر پانچ فرنچائزز کو نئی فیس کے ساتھ معاہدوں کی تجدید کی پیشکش کی، جسے تمام فرنچائزز نے قبول کر لیا، تاہم ملتان سلطانز کے معاملات طے نہ پا سکے۔ یوں لیگ اور فرنچائز کے درمیان بات چیت کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکی۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں علی ترین نے کہا تھا کہ گھٹنے ٹیک کر ٹیم چلانے سے بہتر سمجھتا ہوں کہ اسے کھو دوں، مگر سر اٹھا کر کھڑا رہوں تو یہ الوداع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی 2 ٹیمیں برائے فروخت،12پارٹیاں سامنے آگئیں

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے انہوں نے حکام کو ای میل بھی ارسال کی تھی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بورڈ نے ان سے غیرمشروط معافی مانگنے اور سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا، جسے علی ترین نے تسلیم نہیں کیا۔

دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اسی دوران ترین گروپ نے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بڈنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق بڈنگ دستاویزات جمع کرانے والی 12 کمپنیز میں ترین گروپ بھی شامل ہے۔ اگر تکنیکی شرائط پوری ہو گئیں تو ترین گروپ کو 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ہونے والی کھلی بولی میں دیگر بڈرز کے ساتھ شریک ہونے کا موقع مل جائے گا، جہاں دو نئی ٹیمیں فروخت کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ ڈیڈ لائن میں دوبارہ توسیع

قوانین کے مطابق موجودہ فرنچائز مالکان نئی ٹیم کی بڈنگ میں حصہ نہیں لے سکتے، تاہم 31 دسمبر کے بعد علی ترین باضابطہ طور پر فرنچائز اونرز کی فہرست سے باہر ہو جائیں گے۔ ملتان سلطانز پی ایس ایل کی مہنگی ترین فرنچائز رہی ہے، جس کی سالانہ فیس ایک ارب 8 کروڑ روپے تھی، جبکہ غیر ملکی کمپنی سے ویلیوایشن کے بعد یہ فیس ایک ارب 35 کروڑ روپے تک جا پہنچتی۔ دستیاب معلومات کے مطابق نئی ٹیم سوا سے ڈیڑھ ارب روپے میں فروخت ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top