اسلام آباد( عامر اقبال ہاشمی سے) مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر ، امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ راجا ثاقب مجیداور وسطی باغ سے بریگیڈیئر(ر) راجہ محمدخان آج اسلام آباد میں باضابطہ طور پرمسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔
شمولیتی تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت شرکت کریگی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو جھٹکا، سردار میر اکبر مسلم لیگ نواز میں شامل
راجا ثاقب مجید کا تعلق مظفرآباد کے حلقہ 5 کھاوڑہ سے ہے، جو آزاد کشمیر کا ایک اہم اور روایتی طور پر سخت مقابلے والا حلقہ سمجھا جاتا ہے ،اس حلقے سے اس وقت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر رکن اسمبلی ہیں۔
چوہدری لطیف اکبر اب تک 10 انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، جن میں سے 7 میں کامیابی جبکہ 3 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
راجا ثاقب مجید نے ماضی میں مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر تین انتخابات میں حصہ لیا تاہم وہ کسی ایک میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔
کھاوڑہ میں مسلم لیگ ن کے اندر بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے سخت مقابلہ متوقع ہے۔سابق وزیر راجا عبدالقیوم خان ، سابق ٹکٹ ہولڈر راجا ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی ٹکٹ کے امیدوار ہیں۔
گزشتہ دنوں چوہدری شفقت علی نے بڑا مشاورتی اجلاس بلا کر قیادت کو پیغام دیا ہے کہ ہم پیراشوٹر قبول نہیں کرینگے، مشاورتی اجلاس میں راجہ عبدالقیوم خان نے بھی شرکت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راجا عبدالقیوم نے پارٹی قیادت کو آگاہ کر رکھا ہے کہ ان کی طویل سیاسی قربانیاں ٹکٹ کی حقدار ہیں۔
ثاقب مجید کی مسلم لیگ ن میں شمولیت ایک اہم پیشرفت ضرور ہےتاہم آئندہ انتخابات میں ان کے لیے راہ آسان نہیں ہوگی کیونکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر حلقے میں مضبوط امیدوار ہیں۔
ثاقب مجید راجا کو ٹکٹ ملنے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کے باقی تینوں امیدواروں میں سے کسی ایک کے میدان میں کودنے کا امکان ہے جس ووٹ تقسیم ہوگا اور فائدہ چوہدری لطیف اکبر کو ہی ہوگا۔
ثاقب مجید راجا کے انداز سیاست پربھی کچھ مسلم لیگیوں کو تحفظات ہیں جو ممکنہ طور پر ثاقب مجید کو ٹکٹ ملنے پر پارٹی کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سردار میر اکبر کی ن لیگ میں دوبارہ انٹری پر سوالات مگر یہ مجبوری کس کی تھی؟
وسطی باغ سے بریگیڈیئر(ر) راجہ محمدخان بھی حلقہ میں ٹکٹ کے مضبوط امیدوار کے طور پر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو رہے ہیں حالانکہ حلقہ میں راجہ مشتاق احمد منہاس بھی امیدوار ہیں اور دو روز قبل مشتاق منہاس نے میاں نوازشریف سے بھی ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے دعویٰ ہے کہ راجہ ثاقب مجیداور بریگیڈیئر(ر) راجہ محمدخان کو ٹکٹ کی یقین دہانی کیساتھ ہی مسلم لیگ(ن) میں شامل کرایاجارہا ہے لیکن یہ ٹکٹ حاصل کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں یہ وقت ہی بتائے گا۔
مسلم لیگ(ن)میں آئندہ چند روز میں دو ممبران اسمبلی سمیت مزید لوگوں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔




