اسلام آباد:پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کو شان دار فضائی سلامی دی۔
پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر بلاک III طیاروں کے 6 رکنی دستے نے صدر متحدہ عرب امارات محمد بن زاید النہیان کو پاکستانی فضائی حدود میں سلامی دی، مہمان نوازی اور بھائی چارے کے شان دار مظاہرے میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی رسمی ایئر ایسکارٹ فراہم کیا۔
پاک فضائیہ کی جانب سے شان دار استقبال پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے بردرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے، فارمیشن لیڈر نے وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے محمد بن زاید النہیان کو پرتپاک سلام پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں؛ صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید النہیان اسلام آباد پہنچ گئے، ایئر پورٹ پہنچنے پر فقید المثال استقبال
پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک III جدید ترین 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے
متحدہ عرب امارات کے صدر کو فضائی سلامی دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کا اظہار ہے۔
پاکستان کی حدود میں بردار ممالک کے معزز مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیر سگالی کی روایت کا تسلسل ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہو گئے ہیں
شیخ محمد بن زاید النہیان نے صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔




