مظفرآباد: آزادکشمیر حکومت نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے قیام کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی بھی تشکیل شروع کردی ہے، مسلم لیگ ن کے ممبر احمد رضا قادری کو قائمہ کمیٹی قانون وانصاف ، پارلیمانی امور کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ عبدالماجد خان کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے بعد حکومت نے مہاجرین ممبران اسمبلی اور اپوزیشن کے ارکان کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل شروع کردی ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مہاجرممبراسمبلی احمد رضا قادری کو قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق منتخب کرلیا گیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومت کی 6ارکان پر مشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی قائم، عبد الماجد خان چیئرمین منتخب
قائمہ کمیٹی کے ممبران میںموسٹ سینئر وزیرمیاں عبد الوحید، محمد رفیق نیئر، نبیلہ ایوب،چوہدری محمد رشید،خواجہ فاروق احمدشامل ہونگے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے مزید ممبران اسمبلی کو بھی قائمہ کمیٹیوں میں ذمہ داریاں تفویض کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔
ایکشن کمیٹی سے معاہدہ کی وجہ سے مہاجرممبران اسمبلی کو کابینہ میں شامل نہیں کیا جاسکا جس پر انہیں قائمہ کمیٹیوںمیں ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مزید قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل بھی جلد ہی ممکن ہے، زیادہ تر کمیٹیوں کی سربراہی مہاجرممبران اسمبلی کو ہی دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔قائمہ کمیٹیوںکے چیئرمینز کو گاڑی، پٹرول ودیگر کی مراعات حاصل ہونگی
یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کی برسی، آزادکشمیر میں کل عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم انوارالحق کے دور حکومت میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل نہیں ہوسکی تھی۔




