پی ٹی آئی احتجاج میں ریاست مخالف تقاریر، پاکستان کا برطانوی سرزمین کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار

برطانیہ میں پاکستان تحریکِ انصاف اور بیرونی عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ نے بین الاقوامی قوانین اور انسدادِ دہشت گردی کے تقاضوں پر عملدرآمد کو ایک سنجیدہ امتحان سے دوچار کر دیا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پاکستان مخالف ایجنڈے کو فروغ دیتے ہوئے تمام اخلاقی ، قانونی اور بین الاقوامی حدود کو نظرانداز کیا ہے ۔

گزشتہ طویل عرصے سے برطانیہ کی سرزمین کو پی ٹی آئی سے منسلک بعض مفرور یوٹیوبرز اور شرپسند عناصر کی جانب سے مبینہ طور پر بیرونی سرپرستی میں، پاکستان اور افواجِ پاکستان کیخلاف منظم پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔

اسی تسلسل میں 23 دسمبر 2025 کو پی ٹی آئی برطانیہ کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک نہایت اشتعال انگیز اور تشدد پر اکسانے والی ویڈیو جاری کی گئی ۔

مذکورہ ویڈیو میں برطانوی سرزمین پر موجود مظاہرین کو کھلے عام ایک فیلڈ مارشل کے خلاف کار بم دھماکے کے ذریعے قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

ویڈیو میں شامل ایک خاتون نے انتہائی اشتعال انگیز انداز میں یہ بیان دیا کہ کوئی بھی فیلڈ مارشل کو کار بم دھماکے میں قتل کر سکتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی برطانیہ کی سی ڈی ایف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر پر حملے کی دھمکی ، ویڈیو وائرل

ماہرین کے مطابق یہ طرزِ عمل نہ تو آزادیِ اظہارِ رائے کے زمرے میں آتا ہے اور نہ ہی سیاسی اختلاف کی حدود میں شمار کیا جا سکتا ہے بلکہ یہ براہِ راست دہشتگردی کی ترغیب اور تشدد پر اکسانے کے مترادف ہے ۔

انتہائی تشویشناک امر یہ ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستہ سوشل میڈیا ٹرول نیٹ ورکس نے اس ویڈیو کو نہ صرف وسیع پیمانے پر پھیلایا بلکہ اسے پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی شیئر کیا گیا جو اس اشتعال انگیزی کی بالواسطہ توثیق کے مترادف سمجھا جا رہا ہے ۔

قانونی ماہرین کے مطابق برطانیہ میں اس نوعیت کی دھمکی آمیز اور پرتشدد تقاریر بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں ۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 کے تحت رکن ممالک پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشتگردی، دہشتگردی پر اکسانے، مالی معاونت یا کسی بھی قسم کی حمایت کو روکنےکیلئے مؤثر اقدامات کریں ۔

اسی طرح برطانیہ کا انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2006 دہشت گردی کی حوصلہ افزائی اور تشدد پر اکسانے کو سنگین فوجداری جرم قرار دیتا ہے ۔

Scroll to Top