ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ضلع جہلم ویلی کے علاقے لانگلہ، دھنی اور سیری کے عوام نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور فیڈر کی تبدیلی کے خلاف آج ندول کے مقام پر احتجاج کیا۔ احتجاج میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ لانگلہ، دھنی اور سیری کے علاقوں کو سابقہ فیڈر سے منقطع کر کے گڑھی دوپٹہ فیڈر کے ساتھ منسلک کیا گیا، جس کے بعد ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے ۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کو فوری طور پر سابقہ ہٹیاں فیڈر پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریشیاں لیپہ روڈ پر سائیڈ سیفٹی کا فقدان، عوام کا سخت ردعمل سامنے آگیا
احتجاج کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا اور مقامی پولیس تھانہ سٹی کے ایس ایچ او پی ایس منظر چغتائی ہمراہ نفری موجود رہے۔ احتجاج کے دوران سڑک ٹریفک کے لیے کھلی رہی اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ۔
بعد ازاں ایگزیکٹو انجینئر (ایکس ای این) الیکٹرک احتشام قریشی اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا اور ایس ایچ او سٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے ۔
مذاکرات کے دوران ایکس ای این الیکٹرک احتشام قریشی نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ دو دن کے اندر لانگلہ ، دھنی اور سیری کے علاقوں کو دوبارہ ہٹیاں فیڈر سے منسلک کر دیا جائے گا ، جس سے لوڈشیڈنگ میں واضح کمی واقع ہو گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اماراتی صدر آج اہم دورہ پر پاکستان پہنچیں گے، فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں مکمل
ایکس ای این کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔ علاقہ میں حالات معمول پر آ گئے ۔




